وہاڑی میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
واٹر ڈرینیج اور انڈرگراؤنڈ واٹر سٹوریج منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں خصوصی طور پر جدید واٹر ڈرینیج سسٹم اور انڈرگراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کے منصوبوں پر پیش رفت، معیار اور تکمیل کے مراحل پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ واٹر ڈرینیج کے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو جدید میونسپل سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈرگراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کے منصوبے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جدید واٹر ڈرینیج منصوبے کا مقصد بارش کے پانی کی مؤثر نکاسی کو یقینی بنانا اور شہری علاقوں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے محفوظ بنانا ہے جبکہ انڈرگراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کے ذریعے بارش کے پانی کو محفوظ کرکے قابل استعمال بنایا جائے گا۔