پیف سکولوں میں طلبہ کے لیے حفاظتی اقدامات کا حکم
سکول کی عمارت میں کھلی یا ننگی بجلی کی تاروں کا استعمال مکمل طور پر ممنوع قرار
ملتان(خصوصی رپورٹر)پیف کے سکولوں میں طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے کاحکم دے دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے تمام سکولوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات پر فوری اور عملی طور پر عمل درآمد کیا جائے ۔ترجمان کے مطابق سکول کی عمارت میں کسی بھی جگہ کھلی یا ننگی تار اور عیب دار بجلی کی تاروں کا استعمال مکمل طور پر ممنوع ہے ، تمام پرانی اور خراب تاروں کو فوری طور پر محفوظ طریقے سے بند یا تبدیل کیا جائے تاکہ طلبہ کو بجلی کے حادثات کا خطرہ لاحق نہ ہو ۔تمام سوئچ بورڈز اور بجلی کے سامان کو طلبہ کی پہنچ سے دور اور محفوظ اونچائی پر نصب کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ کم اونچائی پر لگے ہوئے آلات یا بورڈز کو فوری طور پر محفوظ جگہ منتقل کیا جائے جہاں کہیں بھی تار پرانی، کٹی ہوئی یا خستہ حال ہو، وہاں عارضی ٹیپ لگا کر چھوڑنا قطعاً قابل قبول نہیں ہے۔