مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کا منصوبہ التوا کا شکار
4سال گزر گئے منصوبہ مکمل نہ ہوا، تکمیل کیلئے دو سال کی مدت مقرر کی گئی ، فنڈز کی عدم دستیابی کے سبب تعمیراتی کام طویل ہوگیا، شہریوں ،مریضوں کا تشویش کا اظہار ہسپتال کی تکمیل سے سرکاری طبی اداروں پر خواتین اور بچوں کا بوجھ کم ہوگا، بہتر سہولیات میسر آسکیں گی، فنڈز ملتے ہی منصوبہ پر تعمیراتی کام تیز کردیا جائے گا، حکام کا موقف
ملتان (زینب گردیزی سے ) ملتان کے وہاڑی روڈ پر زیرِ تعمیر 200 بیڈز پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کا منصوبہ 4 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا۔ نومبر 2021 میں شروع کیے گئے اس منصوبے کی تکمیل کی مدت دو سال مقرر کی گئی تھی، تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تعمیراتی کام تاحال جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث شہریوں اور مریضوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی جلد تکمیل سے سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہوگا اور خواتین و بچوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
لہٰذا حکومت منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے ضروری فنڈز فراہم کرے ۔محکمہ بلڈنگ کے حکام کے مطابق ہسپتال کی تعمیر کا کام جاری ہے اور دستیاب وسائل کے مطابق منصوبے کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز کی فراہمی کے ساتھ ہی تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا کر عوام کو اس کے ثمرات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا جائے ۔