شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ، انٹر طلبہ کیلئے امتحان مشکل
حبس زدہ امتحانی مراکز میں امیدوار پریشان، متبادل بجلی فراہمی کا مطالبہ
ملتان (خصوصی رپورٹر) شدید گرمی، حبس اور بدترین لوڈ شیڈنگ نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات دینے والے طلبہ و طالبات کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ مختلف امتحانی مراکز میں بجلی کی طویل بندش کے باعث امیدوار شدید پریشانی کا شکار رہے جبکہ کئی طلبہ گرمی کی شدت سے نڈھال ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کے دوران انٹرمیڈیٹ امتحانات کا سلسلہ جاری ہے ۔ امتحانی اوقات میں بار بار بجلی بند ہونے سے امتحانی ماحول شدید متاثر ہوا۔ پنکھے اور دیگر کولنگ سسٹم بند ہونے کے باعث کمروں میں حبس بڑھ گیا جس سے طلبہ کو پرچے حل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔امتحانی مراکز کے باہر موجود والدین نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شدید گرمی میں طلبہ کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض مراکز میں ٹھنڈے پانی اور مناسب وینٹیلیشن کا انتظام بھی ناکافی ہے ۔طلبہ و طالبات نے مطالبہ کیا کہ امتحانی مراکز میں جنریٹرز یا متبادل بجلی کا بندوبست کیا جائے تاکہ لوڈ شیڈنگ کے اثرات کم کیے جا سکیں۔ امیدواروں کے مطابق شدید گرمی، ذہنی دباؤ اور جسمانی تھکن کے باعث امتحان پر توجہ مرکوز رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔دوسری جانب طبی ماہرین نے طلبہ کو زیادہ پانی پینے ، ہلکی غذا استعمال کرنے اور دھوپ میں نکلتے وقت سر ڈھانپنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے ۔