ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او کوٹ ادو کا محرم جلوس روٹس کا جائزہ
سکیورٹی و انتظامات کی چیکنگ،سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور قمر اور ڈی ایس پی کوٹ ادو وسیم اکبر خان لغاری نے محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور سکیورٹی و انتظامی انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران افسران نے جلوس کے روٹس پر صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بیرسٹر بلال سلیم نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور قمر نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوس کے روٹس پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ تمام متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد جاری ہے ۔