کپاس کے معیاری بیج کی تحقیق کیلئے سرگرم ،ڈاکٹر خادم
جدید تحقیق کاشتکاروں تک منتقل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے
ملتان (وقائع نگار خصوصی) کاٹن کمشنر و چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر خادم حسین نے کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان کا دورہ کیا اور کپاس کی مختلف تحقیقی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے نیشنل کوآرڈی نیٹڈ ورائٹل ٹرائلز، تجرباتی پلاٹس اور کپاس کی مختلف اقسام کی موجودہ کارکردگی کا معائنہ کیا۔ ابتدائی مشاہدات اور حاصل شدہ ڈیٹا کو مستقبل میں بہتر بیج کے انتخاب اور کاشت کیلئے انتہائی اہم قرار دیا گیا۔اس موقع پر این سی وی ٹی کمیٹی نے کپاس کی نئی ایڈوانس لائنوں کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں نئی اقسام کی پیداواری صلاحیت، بیماریوں اور کیڑوں کے خلاف مزاحمت اور موسمیاتی دباؤ میں کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سائنٹسٹ محمد جمیل نے فیلڈ تجربات اور ڈیٹا کلیکشن کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ جبکہ دیگر ماہرین نے ٹرائلز کے معیار اور مقامی حالات کے مطابق سفارشات پر غور کیا۔
بعد ازاں ڈاکٹر خادم حسین نے مختلف تجرباتی کھیتوں میں کپاس کی نئی اقسام، ہائی ڈینسٹی پلانٹنگ اور ملچنگ ٹرائلز کا معائنہ کیا اور سائنسدانوں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی بحالی، معیاری بیج کی فراہمی اور جدید تحقیق کی کاشتکاروں تک منتقلی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔