8محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی پر 2640اہلکار تعینات
شہر میں 8 محرم پر 182 مجالس، 88 جلوسوں کیلئے سخت انتظامات کئے گئے
ملتان (کرائم رپورٹر)ملتان پولیس نے 8 محرم الحرام کے موقع پر 182 مجالس اور 88 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے ۔ترجمان پولیس کے مطابق سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے 2640 پولیس افسر اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ تمام حساس مقامات، جلوسوں کے راستوں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی جاری ہے ۔پولیس نے سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے ساتھ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مکمل رابطہ اور مؤثر کوآرڈی نیشن برقرار رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے ۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداروں کا تحفظ ملتان پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔