میپکو نے محرم اور مالی سال کیلئے ہدایات جاری کردیں
فیلڈ افسر حاضر رہیں، بجلی فراہمی اور صارف سہولت یقینی بنانے کا حکم
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) انتظامیہ نے محرم الحرام اور مالی سال 2025-26 کے اختتام کے پیش نظر تمام فیلڈ افسروں اور کسٹمر سروس مراکز کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گل محمد زاہد کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 28 جون 2026 تک تمام آپریشنل افسروں اپنی تعیناتی کے مقامات پر موجود رہیں گے اور فرائض کی انجام دہی یقینی بنائیں گے ۔ محرم الحرام کے جلوسوں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملہ ہر وقت دستیاب رہے ۔صارفین کی سہولت کیلئے ریجنل کسٹمر فسیلیٹیشن سنٹر اور تمام سی ایف سیز مالی سال کے اختتام تک ہفتہ وار تعطیلات میں بھی معمول کے اوقات میں کھلے رہیں گے ۔میپکو انتظامیہ نے ریکوری بہتر بنانے ، لائن لاسز کم کرنے ، بجلی چوری روکنے اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والے افسروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔