محکمہ سکول ایجوکیشن،غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری
انگلش پروفیشنسی ٹریننگ میں عدم شرکت پر وضاحت طلب کرلی گئی
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے انگلش پروفیشنسی لینگویج ٹریننگ میں عدم شرکت کرنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ملتان نے متعدد اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ اساتذہ کو تربیتی پروگرام میں شرکت کیلئے باقاعدہ آگاہ کیا گیا تھا، تاہم 24 جون 2026 کو منعقدہ سیشن میں بعض اساتذہ غیر حاضر پائے گئے ۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ عمل سرکاری احکامات اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے منافی ہے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے واضح کیا کہ تمام اساتذہ کیلئے تربیتی پروگراموں میں شرکت لازمی ہے اور عدم شرکت کی صورت میں پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔متعلقہ اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 29 جون صبح 11 بجے دفتر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ملتان میں ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنی غیر حاضری کی وجوہات بیان کریں اور تحریری وضاحت جمع کروائیں۔ حکام کے مطابق غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں مزید محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔