حضرت امام حسینؓ نے حق کیلئے عظیم قربانی دی،ساجد نقوی

حضرت امام حسینؓ نے حق کیلئے عظیم قربانی دی،ساجد نقوی

واقعہ کربلا ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ، خطاب

ملتان (کرائم رپورٹر)قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ نے امت مسلمہ کی اصلاح، نیکی کے فروغ اور برائی کے خاتمے کیلئے عظیم جدوجہد کی اور ظلم و جبر کے سامنے سر جھکانے سے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے کسی ذاتی اقتدار، مفاد یا دنیاوی مقصد کیلئے سفر اختیار نہیں کیا بلکہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے اسلامی فریضے کی ادائیگی کیلئے مدینہ سے مکہ اور پھر کربلا کا رخ کیا۔

آپؓ نے موت جیسی اٹل حقیقت کے باوجود اپنے اصولی موقف سے دستبردار ہونے کے بجائے قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کو ترجیح دی۔علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امام حسینؓ نے جابرانہ نظام، بنیادی انسانی حقوق کی نفی اور غیر اسلامی طرز حکمرانی کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔ شب عاشور آپؓ نے اپنے ساتھیوں کو حالات سے آگاہ کرتے ہوئے مکمل اختیار دیا کہ وہ ساتھ رہیں یا واپس چلے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا پوری انسانیت کیلئے یہ پیغام رکھتا ہے کہ جب حق اور باطل کا معرکہ ہو تو نظریے ، اصول اور سچائی کیلئے ہر قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں