کمشنر، آر پی او کے دورے ، محرم انتظامات کا تفصیلی جائزہ

 کمشنر، آر پی او کے دورے ، محرم انتظامات کا تفصیلی جائزہ

جلوسوں، مجالس کی سکیورٹی سخت، مانیٹرنگ اور سہولیات یقینی بنانے کا حکم

بہاول پور(سٹی رپورٹر) محرم الحرام کے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا اور آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے امام بارگاہ ہتیجی، ڈسٹرکٹ کنٹرول روم اور اوچ شریف کے مرکزی جلوس کے روٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا، ڈی پی او رانا عبدالوہاب، اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ اقراء ناصر اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ افسران نے امام بارگاہوں، جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات، صفائی، لائٹنگ، طبی امداد، ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بہاولپور میں نویں محرم الحرام کے موقع پر 30 جلوس اور 77 مجالس عزا منعقد ہو رہی ہیں جن کی سکیورٹی کے لیے 1800 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ افسران نے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، جدید سکیورٹی سسٹمز، کیو آر کوڈ، ایل ٹی ای کمیونیکیشن اور سائبر پیٹرولنگ کے نظام کا بھی معائنہ کیا۔ کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے ہدایت کی کہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام ادارے مکمل رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں