پرائمری نصاب میں اے آئی شامل کرنیکا فیصلہ

پرائمری نصاب میں اے آئی شامل کرنیکا فیصلہ

طلبہ جدید ٹیکنالوجی سے ابتدائی سطح پر شناسا ہوں گے ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو باقاعدہ مضمون کے طور پر شامل کیا جائے گا، مضمون کیلئے باقاعدہ تدریسی پیریڈز مختص کئے جائینگے اے آئی نصاب کی ابتدائی منظوری جلد پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پیش کی جائے گی بعدازاں اسے نافذ کیا جائیگا

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب بھرسکولوں کے پرائمری نصاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس شامل کرنے کا فیصلہ، طلبا جدید ٹیکنالوجی سے ابتدائی سطح پر آشنا ہوں گے تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے ایک اہم اور انقلابی تعلیمی اصلاحات کے تحت پرائمری سطح پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو باقاعدہ مضمون کے طور پر شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ یہ اقدام ملکی تعلیمی تاریخ میں پہلی بار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد طلبا کو جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق آئندہ تعلیمی سیشن 2027-28 سے جماعت اول تا پنجم کے نصاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو بطور لازمی مضمون شامل کیا جائے گا۔ نئے نصاب کے تحت اس مضمون کے لئے باقاعدہ تدریسی اوقات (پیریڈز) مختص کئے جائیں گے ، جیسا کہ دیگر بنیادی مضامین کے لئے کیا جاتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اے آئی مضمون کا الگ امتحان بھی لیا جائے گا اور طلبا کے لئے اس مضمون میں کامیابی حاصل کرنا دیگر مضامین کی طرح لازمی ہوگا۔ محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق بچوں کو ابتدائی عمر سے مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور تخلیقی اندازِ فکر سے روشناس کرانے کے لئے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی تعلیم نہ صرف طلبا کی تخلیقی اور تجزیاتی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی بلکہ انہیں مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت اور جدید روزگار کے مواقع کے لئے بھی بہتر انداز میں تیار کرے گی۔ذرائع کے مطابق اے آئی نصاب کی ابتدائی منظوری جلد پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پیش کی جائے گی، جس کے بعد نصاب کی حتمی تیاری اور تدریسی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں