شہر اولیاء میں ترقیاتی منصوبوں پرعملدرآمد تیز

شہر اولیاء میں ترقیاتی منصوبوں پرعملدرآمد تیز

ڈپٹی کمشنرکا جاری سکیموں اور انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن منصوبوں کا جائزہ

ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہرِ اولیا میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی سکیموں اور انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کو شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مربوط انداز میں کام کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ملتان کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ جس کے تحت شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قلعہ کہنہ، برانڈ روڈ اور ملتان ایونیو پر ترقیاتی سرگرمیاں برق رفتاری سے جاری ہیں، جبکہ نشتر روڈ اور حسین آگاہی اپ گریڈیشن منصوبے بھی جلد مکمل کرکے عوام کو بہتر سفری سہولیات اور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ان کے ثمرات میسر آ سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں