نان سیلری بجٹ فارمولا، سکولوں سے بجلی بلوں کا ریکارڈ طلب

نان سیلری بجٹ فارمولا، سکولوں سے بجلی بلوں کا ریکارڈ طلب

نظرثانی شدہ فارمولے میں یوٹیلٹی اخراجات شامل، ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت

ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکولز نے نان سیلری بجٹ کے نئے فارمولے کے تحت صوبے بھر کے سرکاری سکولوں سے بجلی کے بلوں کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔ حکام کے مطابق نئے فارمولے کے تحت فنڈز اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے سکولوں کے حقیقی اخراجات کو مدنظر رکھا جائے گا۔پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ (پی ایم آئی یو) کی جانب سے صوبے کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے ، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اضلاع کے تمام سرکاری سکولوں کے مئی 2026 کے بجلی کے بلوں کی اسکین شدہ نقول اور گزشتہ 12 ماہ کے بجلی اخراجات کی مکمل تفصیلات مقررہ پروفارما کے مطابق ارسال کی جائیں۔حکام کے مطابق منظور شدہ نظرثانی شدہ نان سیلری بجٹ فارمولے میں پہلی مرتبہ یوٹیلٹی اخراجات، بالخصوص بجلی کے بلوں کو اہم اشاریے کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد سکولوں کے حقیقی اخراجات کے مطابق بجٹ سازی کو بہتر اور شفاف بنانا ہے ۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اضلاع فراہم کردہ معلومات اصل ادا شدہ بلوں کے مطابق مکمل اور متعلقہ حکام سے تصدیق شدہ ارسال کریں۔ مطلوبہ ریکارڈ 10 جولائی 2026 تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ نظرثانی شدہ فارمولا بروقت نافذ کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں