غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ،شہری بے یارو مدد گار،بلوں پر فون نمبرز غائب

غیر اعلانیہ  لوڈشیڈنگ،شہری  بے  یارو  مدد  گار،بلوں  پر  فون  نمبرز  غائب

شہریوں، تاجروں، صنعتکاروں اور طلبہ کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ،متعدد علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب،میپکو صورتحال کو قابو کرنے میں ناکام، وزارتِ توانائی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

ملتان (شاہد لودھی سے ) میپکو نے عوام کو بے یارومددگارچھوڑ دیا، بلوں پر سے افسروں کے فون نمبر غائب کردئیے ،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ۔تفصیل کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے باوجود ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں بجلی کی مسلسل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔ بجلی کی بار بار بندش نے شہریوں، تاجروں، صنعتکاروں اور طلبہ کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ، میپکو نے صارفین کو عملاً بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق قومی گرڈ سے مطلوبہ بجلی نہ ملنے کے باعث میپکو کو شدید شارٹ فال کا سامنا ہے ۔ دن کے اوقات میں تقریباً 2500 میگاواٹ جبکہ رات کے اوقات میں 4000 میگاواٹ تک بجلی کی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ، جس کے نتیجے میں مختلف فیڈرز پر بار بار بجلی بند کر کے لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے ،متعدد علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔

جبکہ بعض مقامات پر ایک ہی دن میں کئی مرتبہ بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے دوسری طرف میپکو کی جانب سے حالیہ بجلی کے بلوں پر متعلقہ افسران اور شکایات کے ازالے کے لیے دیے جانے والے رابطہ نمبرز بھی حذف کر دیے گئے ہیں اس اقدام کے بعد شہری بجلی کی بندش، کم وولٹیج، ٹرپنگ یا دیگر فنی خرابیوں کی صورت میں متعلقہ افسران تک براہِ راست رسائی سے محروم ہو گئے ہیں اور شکایات کے بروقت ازالے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف ہر ماہ بجلی کے بھاری بھرکم بل وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بار بار بجلی کی بندش نے زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے گھروں میں پانی کی فراہمی، کاروباری سرگرمیاں، چھوٹی صنعتیں، دفاتر اور تعلیمی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔تاجر تنظیموں، صنعتکاروں اور سماجی حلقوں نے وفاقی وزارتِ توانائی اور میپکو کی اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب کو اس کی ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کی جائے ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور صارفین کی سہولت کے لیے بجلی کے بلوں پر متعلقہ افسران کے رابطہ نمبرز دوبارہ بحال کیے جائیں تاکہ عوام کو بروقت رہنمائی اور شکایات کے ازالے کی سہولت میسر آ سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں