پاور لومز انڈسٹری بدترین بحران کا شکار، خالق قندیل
میپکو،واسا،ماحوالیات،لیبر ڈیپارٹمنٹ ،پیرا فورس کی مداخلت بنیادی وجہ
ملتان (لیڈی رپورٹر)آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں احمد آباد میں جلسہ منعقد ہوا، جس میں صنعت کو درپیش مسائل، ادارہ جاتی دباؤ اور کاروباری مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔مرکزی صدر خالق قندیل انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاور لومز انڈسٹری اپنی تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میپکو، واسا، محکمہ ماحولیات، لیبر ڈیپارٹمنٹ، سوشل سکیورٹی، ایکسائز، پیرا فورس اور دیگر اداروں کی مداخلت سے صنعت کاروں کے لئے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ ادارے صنعتکاروں کو غیر ضروری دباؤ کا شکار بنا رہے ہیں، جس سے صنعت شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ادارہ جاتی مداخلت کا فوری خاتمہ کیا جائے ، بصورت دیگر آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ رکن پنجاب اسمبلی مقصودہ بیگم نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاور لومز انڈسٹری کے مسائل وزیراعلیٰ پنجاب اور پنجاب اسمبلی میں بھرپور انداز میں اٹھائیں گی۔ مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا ونگ کے صدر عقیل احمد انصاری نے بھی صنعت کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔جلسے سے بشیر احمد انصاری، سعید احمد، یونس انصاری، ارشاد قادری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاور لومز انڈسٹری کو درپیش مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments