بی آئی ایس پی مستحقین سے رقم وصولی،6سم ریٹیلرز گرفتار

بی آئی ایس پی مستحقین سے رقم وصولی،6سم ریٹیلرز گرفتار

کوٹ ادو میں چھاپہ، سم کارڈز، بائیومیٹرک ڈیوائسز اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا

چوک سرور شہید (نمائندہ دنیا)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) کمپوزٹ سرکل ڈیرہ غازی خان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی مستحق خواتین سے مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر رقم وصول کرنے کے الزام میں چھ سم ریٹیلرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420 اور 109 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ایف آئی اے کو اطلاع ملی تھی کہ ٹیلی نار اور جاز کے بعض ریٹیلرز بی آئی ایس پی کے تحت مفت فراہم کیے جانے والے سم کارڈز کے بدلے مستحق خواتین سے **1500 روپے ** فی سم وصول کر رہے ہیں۔ اطلاع پر ایف آئی اے ٹیم نے بی آئی ایس پی دفتر کوٹ ادو میں چھاپہ مارا، جہاں بڑی تعداد میں خواتین سم کارڈز کے حصول کے لیے موجود تھیں۔ متاثرہ خواتین نے بیان دیا کہ ان سے سم جاری کرنے کے عوض 1500 روپے طلب کیے گئے۔

کارروائی کے دوران زبیر اسلم، محمد اشفاق، محمد الطاف، حاجی مظمل، شاہد بلال اور مہتاب احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے متعدد سم کارڈز، بائیومیٹرک ڈیوائسز، مستحقین کے شناختی کارڈ، موبائل فونز اور دیگر متعلقہ ریکارڈ بھی برآمد کر کے تحویل میں لے لیا گیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، جبکہ دورانِ تفتیش بی آئی ایس پی اور نادرا کے کسی اہلکار کے ممکنہ کردار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ مزید تحقیقات سب انسپکٹر گلزار احمد کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق عوامی فلاحی منصوبوں میں کرپشن، دھوکہ دہی اور مستحق افراد کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...