چھ ماہ سے پنشن بند، ریٹائرڈ ملازمین شدید مالی بحران کا شکار

چھ ماہ سے پنشن بند، ریٹائرڈ ملازمین شدید مالی بحران کا شکار

بلدیہ کوٹ ادو کے 200 سے زائد پنشنرز واجبات سے محروم ،ادائیگی کا مطالبہ

کوٹ ادو (نامہ نگار)میونسپل کمیٹی ضلع کوٹ ادو کے 200 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو گزشتہ چھ ماہ سے ماہانہ پنشن ادا نہیں کی جا سکی، جبکہ ریگولرائزیشن کی ایک ماہ کی ادائیگی بھی تاحال نہیں کی گئی۔ پنشنرز نے متعلقہ افسران کی غفلت کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرہ پنشنرز کا کہنا ہے کہ فروری سے جولائی 2026 تک چھ ماہ کی پنشن نہ ملنے کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور متعدد خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق بجلی اور گیس کے بل ادا نہ ہونے پر کئی گھروں کے کنکشن بھی منقطع ہو چکے ہیں، جبکہ بزرگ پنشنرز دفتر کے بار بار چکر لگا کر بھی مایوس لوٹ رہے ہیں۔

پنشنرز نے الزام عائد کیا کہ ذمہ دار افسران دیگر ادائیگیوں کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات مسلسل التوا کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی پنشنرز اپنے واجبات کی ادائیگی سے قبل ہی انتقال کر چکے ہیں، جو انتہائی افسوسناک امر ہے ۔متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چھ ماہ کی بقایا پنشن اور دیگر واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں، معاملے کی شفاف انکوائری کرائی جائے اور غفلت کے ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...