ٹیکسٹائل ملز میں آگ، بروقت کارروائی، بڑا نقصان ٹل گیا
ریسکیوٹیم نے چند منٹ میں آگ پر قابو پا کر کروڑوں کا سامان محفوظ بنایا
چوک سرور شہید (نمائندہ دنیا)ملتان روڈ پر واقع فیصل اسد ٹیکسٹائل ملز میں اتوار کی صبح شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ لگ گئی۔ آگ مشینری کی تاروں میں سپارکنگ سے بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے کاٹن تک پھیل گئی، جس سے فیکٹری میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا کر بڑے مالی نقصان سے بچا لیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو صبح 7 بج کر 45 منٹ پر اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد چوک سرور شہید سے ایک ایمبولینس اور کوٹ ادو سے فائر وہیکل فوری طور پر روانہ کیا گیا۔ ریسکیو ٹیم صرف 6 منٹ 36 سیکنڈ میں موقع پر پہنچی اور پیشہ ورانہ انداز میں آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے 6 ہزار لیٹر پانی استعمال کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پالیا، جبکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کے پیش نظر تقریباً 30 منٹ تک کولنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث تقریباً 20 ملین روپے مالیت کا سامان محفوظ بنا لیا گیا، جبکہ ابتدائی اندازے کے مطابق2 ملین روپے کا مالی نقصان ہوا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو 1122 نے صنعتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بجلی کے نظام کی باقاعدہ جانچ، وائرنگ کی بروقت مرمت اور دیگر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ شارٹ سرکٹ اور آتشزدگی جیسے واقعات سے بچا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments