سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں مختصر اے آئی کورسز متعارف کرانیکا فیصلہ
آرٹیفیشل انٹیلی جنس،جدید مہارتوں کے تین سے چھ ماہ کے کورسز کرائے جائیں گے ، پروگرام کا مقصد طلبہ کومہارتیں فراہم کرکے روزگار کی بین الاقوامی منڈی کیلئے تیار کرنا ہے
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، بزنس انٹیلی جنس سمیت جدید ڈیجیٹل مہارتوں کے تین سے چھ ماہ دورانیے کے خصوصی کورسز کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کرکے انہیں ملکی اور بین الاقوامی روزگار کی منڈی کے لئے تیار کرنا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ تربیتی پروگرام صوبے بھر کے سرکاری اور نجی کالجز، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لئے متعارف کرایا جائے گا، جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق عملی اور پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔
کورسز کا دورانیہ تین سے چھ ماہ ہوگا اور انہیں صنعت کی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔حکام کے مطابق پروگرام میں سائبر سکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی)، بزنس انٹیلی جنس، ڈیٹا اینالیٹکس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، آئی ٹی سپورٹ، پروجیکٹ مینجمنٹ اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں کے کورسز شامل کئے جائیں گے تاکہ نوجوان جدید ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے طلبہ کو عالمی سطح پر مطلوب مہارتیں حاصل ہوں گی، فری لانسنگ، آئی ٹی انڈسٹری اور بین الاقوامی کمپنیوں میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے ، جبکہ پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری میں بھی مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments