پروفیسر حمید رضا کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی تختی نصب
پروفیسر حمید رضا کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی تختی نصب رہائشگاہ پر تختی کی نقاب کشائی ،علمی، تحقیقی، تدریسی اور ادبی خدمات کو خراج تحسین
ملتان (وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے معروف ماہر تعلیم، محقق اور مصنف پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی کی علمی، تحقیقی اور تدریسی خدمات کے اعتراف میں ان کی رہائشگاہ کے باہر اعزازی تختی کی نقاب کشائی کردی۔ یہ اقدام ملتان کی علمی و ادبی شخصیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلے کی کڑی ہے ۔اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے علم، تحقیق، تدریس اور ادب کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی علمی و تحقیقی کاوشوں نے ملتان اور خطے کی علمی شناخت اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنی زندگی علم و تحقیق اور طلبہ کی علمی و فکری تربیت کے لیے وقف کی۔کمشنر نے کہا کہ ملتان کے ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، اساتذہ اور محققین نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے کر شہر کی علمی و ثقافتی شناخت مضبوط کی۔ یہ شخصیات خطے کا قیمتی سرمایہ اور فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ علمی و ادبی شخصیات کے گھروں کے باہر اعزازی تختیاں نصب کرنے کا مقصد ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ نئی نسل کو ملتان کے علمی و ادبی ورثے سے روشناس کرانا ہے ۔ تقریب میں مختلف سرکاری افسران، سماجی شخصیات اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments