پارکو پائپ لائن سے ڈیزل چوری کی کوشش، ملزمان فرار

پارکو پائپ لائن سے ڈیزل چوری کی کوشش، ملزمان فرار

پائپ لائن میں سوراخ کرکے کلمپ نصب، پولیس نے سامان قبضے میں لے لیا

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پارکو کی زیر زمین پائپ لائن سے ڈیزل آئل چوری کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، نامعلوم ملزمان نے پائپ لائن میں سوراخ کرکے کلمپ نصب کر رکھا تھا جس سے ڈیزل آئل کی سیپج شروع ہوگئی۔ پارکو پمپنگ سٹیشن نمبر 6 کوٹ بہادر شاہ کی سکیورٹی ٹیم پائپ لائن کی معمول کی نگرانی کر رہی تھی کہ کلومیٹر نمبر 90471، گھمن چوک رنگ پور روڈ کے قریب ڈیزل آئل کی بو اور سیپج محسوس ہوئی۔سکیورٹی ٹیم نے موقع کا معائنہ کیا تو پائپ لائن میں سوراخ کرکے چوری کی غرض سے کلمپ لگایا گیا تھا، جبکہ جگہ کو لکڑی کے پھٹوں سے ڈھانپا گیا تھا۔ اطلاع پر پولیس اور پارکو کی مینٹیننس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ انجینئر منیر احمد نے مزید نقصان سے بچنے کیلئے پائپ لائن پر حفاظتی کلمپ نصب کردیا۔ پولیس نے موقع سے کلمپ، نٹ بولٹس، کسی، ہینڈل والو اور لکڑی کے پھٹے سمیت دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔تھانہ صدر سرور شہید پولیس نے پارکو حکام کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف دفعہ 462 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش اور واقعہ کی مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ پارکو کی مینٹیننس ٹیم پائپ لائن کی مرمت میں مصروف ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...