دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے الخدمت پیش پیش،صہیب عمار

دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے الخدمت پیش پیش،صہیب عمار

رحمان بابا ایکسپریس حادثہ افسوسناک، مستقبل میں ایسے حادثات روکے جائیں

ملتان (کرائم رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹری سے اترنے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملتان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور متاثرہ مسافروں کی مدد، زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی اور امدادی سرگرمیوں میں معاونت کرتے رہے ۔صہیب عمار صدیقی نے جائے حادثہ پر موجود رہ کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔ قدرتی آفات، حادثات اور مشکل حالات میں گھرے افراد کی مدد کے لئے اس کے رضاکار خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت میدانِ عمل میں موجود ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کو لاحق خطرات تشویش ناک ہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ریلوے ٹریکس، تکنیکی انتظامات، ٹرینوں کی دیکھ بھال اور حفاظتی نظام کا باقاعدگی سے جائزہ لینا چاہیے ۔ حادثات کے بعد امدادی کارروائیوں کے ساتھ ان کی وجوہات کا تعین اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام بھی ضروری ہے ۔امیر جماعت اسلامی ملتان نے مطالبہ کیا کہ رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور بوگیاں پٹری سے اترنے کی اصل وجہ سامنے لائی جائے ۔ تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے رکھے جائیں اور غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...