کسان کارڈ :چوتھے مرحلے کے بل جمع کرانیکی آخری تاریخ مقرر
کاشتکار 30 اکتوبر تک واجبات ادا کرکے ٹریکٹرز، موبائل فونز جیتنے کا موقع پائیں
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے چوتھے مرحلے کے بلوں کی ادائیگی کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔ محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا بل 30 اکتوبر 2026ء تک جمع کرائیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات جیتنے کا موقع حاصل کریں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں انعام میں دی جائیں گی۔ کسان کارڈ کے بل کی بروقت ادائیگی سے کاشتکار نہ صرف انعامی سکیم میں شامل ہوسکیں گے بلکہ اگلے بلا سود زرعی قرضے کے حصول کے بھی اہل ہوں گے ۔ترجمان نے بتایا کہ بل کی ادائیگی کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر اگلے بلا سود زرعی قرضے کی رقم کاشتکار کے کسان کارڈ میں منتقل کردی جاتی ہے ، جس سے انہیں زرعی ضروریات پوری کرنے میں سہولت ملتی ہے ۔کاشتکار اپنے واجبات قریبی بینک آف پنجاب کی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انٹر بینک ٹرانسفر اور راست آئی ڈی کے ذریعے بھی ادائیگی کی سہولت دستیاب ہے ۔ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک بلوں کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ انہیں آئندہ زرعی قرضے کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments