طالبہ میمونہ بتول کی آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن

طالبہ میمونہ بتول کی آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن

پارلیمانی سیکرٹری نے طالبہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعامات دئیے

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’پڑھا لکھا پنجاب‘‘کے تحت گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین خانیوال میں ہونہار طالبہ میمونہ بتول کی شاندار تعلیمی کامیابی پر تقریب منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف تھے جبکہ صدارت کالج کی پرنسپل پروفیسر شازیہ قادری نے کی۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر عمران احمد، وائس پرنسپل پروفیسر حامدہ فاطمہ، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا محمد سلیم حنیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے تعلیمی نظام میں اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ مالی سال 2026-27ء کے لیے تعلیم کے شعبے کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات، نئے کلاس رومز اور جدید آئی ٹی لیبارٹریوں کے قیام پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میمونہ بتول کی کامیابی محنت اور لگن کی بہترین مثال ہے ۔ ہونہار طالبات ملک کا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر عمران احمد نے کہا کہ حکومت کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیم اور بہتر تدریسی سہولیات فراہم کرکے باشعور، ہنرمند اور خوداعتماد نسل تیار کرنا ہے ۔پرنسپل پروفیسر شازیہ قادری نے کہا کہ میمونہ بتول نے آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنے والدین، کالج اور شہر کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوں نے مہمان خصوصی اور شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر رانا محمد سلیم حنیف نے ڈاکٹر عمران احمد اور پرنسپل کے ہمراہ میمونہ بتول سمیت تعلیمی اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...