خانیوال میں آٹے کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانیکا حکم
فلور ملز، آٹا سیل پوائنٹس اور گندم کی ترسیل کی مانیٹرنگ سخت کی جائے ، حنا ارشد
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے ۔ ضلع بھر میں 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 1,100 روپے جبکہ 20 کلوگرام کا تھیلا 2,200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ فلور ملز اور مقررہ آٹا سیل پوائنٹس کے دورے کرکے آٹے کی تیاری، سپلائی، معیار اور قیمتوں کی نگرانی کریں۔
اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ فلور ملز کو ملنے والے گندم کے مقررہ کوٹے کے مطابق آٹا تیار کرکے مارکیٹ میں فراہم کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دکانوں پر آٹے کے سرکاری نرخ نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں تاکہ شہریوں کو قیمتوں سے آگاہی حاصل ہو۔ اس کے علاوہ ضلع کے خارجی راستوں پر محکمہ خوراک اور تحصیل انتظامیہ کے ناکے فعال کیے جائیں تاکہ ضلع کے لیے مختص گندم غیر قانونی طور پر باہر منتقل نہ ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو مقررہ قیمتوں پر آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments