ہائر سیکنڈی سکولوں کا سولرائزیشن منصوبہ ، 256 اداروں میں کام تیز کرنے کا حکم
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو مراسلہ ارسال ،سکول سربراہان ،پرنسپلز کو اداروں سے تعاون کی ہدایت، کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان سمیت پنجاب کے 256 ہائر سیکنڈری سکولوں کی سولرائزیشن کا منصوبہ تیز تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے ملتان سمیت صوبے کے 256 گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے منصوبے پر بروقت عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے تمام ضلعی تعلیمی حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں صوبے کی تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے ، جس میں متعلقہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکولوں کے سربراہان اور پرنسپلز کو سولرائزیشن منصوبے پر عمل درآمد کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جس کے مطابق سکولوں میں سولر سسٹمز کی تنصیب کے لئے کنٹریکٹر کمپنی ایم ایس بی ایس انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن ورکس اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی پی ڈی سی ایل) کے نمائندے مختلف مراحل میں کام کریں گے ۔ اس مقصد کے لئے متعلقہ سکولوں کا سروے ، تنصیب کی منصوبہ بندی اور سولر فوٹو وولٹک (پی وی) سسٹمز کی تنصیب کی جائے گی محکمہ سکول ایجوکیشن نے ضلعی تعلیمی حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکول سربراہان کو متعلقہ ٹیموں کے ساتھ فوری رابطہ رکھنے اور منصوبے کے تمام مراحل میں ضروری معاونت فراہم کرنے کا پابند بنائیں، تاکہ سروے اور تنصیب کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔مراسلے میں منصوبے کو انتہائی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ افسر اس عمل کی مؤثر نگرانی اور بروقت تکمیل کے لئے ضروری اقدامات کریں۔حکومت پنجاب کے اس منصوبے کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں میں شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments