حکومتی ہدایت، سرکاری سکولوں میں ’’روز داخلہ‘‘ منایا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر) حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ملتان سمیت صوبے بھر کے تمام اضلاع میں سرکاری سکولوں میں بچوں کے داخلوں کو فروغ دینے کے لئے ‘‘روزِ داخلہ’’ منایا گیا۔۔۔
اس موقع پر سرکاری سکولوں میں نئے بچوں کے داخلوں کی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ سکول سربراہان اور اساتذہ کو زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے کی ہدایت کی گئی۔ مہم کا بنیادی مقصد تعلیم سے محروم بچوں کو سکولوں میں داخل کرانا، تعلیمی مواقع تک رسائی یقینی بنانا اور صوبے میں شرحِ خواندگی میں اضافہ کرنا ہے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی ہدایات کے تحت صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کے سربراہان کو روزِ داخلہ کے موقع پر کم از کم دو نئے بچوں کے داخلے یقینی بنانے کا ہدف دیا گیا تھا، جبکہ مقررہ ہدف سے زیادہ داخلے کرنے والے سکولوں اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کا بھی اعلان کیا گیا۔روزِ داخلہ کے سلسلے میں ملتان سمیت مختلف اضلاع کے سرکاری سکولوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ سکولوں کی عمارتوں اور داخلی راستوں کو غباروں اور تعلیمی چارٹس سے سجایا گیا، جبکہ نئے داخل ہونے والے بچوں اور ان کے والدین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر بعض سکولوں میں ڈھول کی تھاپ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے اور مٹھائیاں تقسیم کرنے کے ذریعے بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی تاکہ انہیں تعلیمی ماحول سے مانوس کیا جا سکے ۔تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے اور والدین میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے آگاہی واکس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ واک میں شریک بچوں نے ‘‘علم سب کے لئے ’’ اور ‘‘پڑھے گا پنجاب تو بڑھے گا پنجاب’’ کے نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments