بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد تاریخ کا اہم باب، سعید غنی
ضیاء الحق کے مارشل لا کیخلاف تحریک چلا کر سیاسی جماعتوں کو متحد کیا15ویں برسی پر قرآن خوانی و فاتحہ کے بعد پارٹی عہدیداران سے خطاب
کراچی (این این آئی)وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کی تاریخ بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔ ضیاء الحق کے مارشل لا کے خلاف ان کا کردار نمایاں رہا جبکہ انہوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے تحریک چلا کر مختلف سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پیپلز سیکریٹریٹ کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شرقی کے زیر اہتمام مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 15ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے بعد پارٹی عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سعید غنی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد اپنی جگہ اہم ہے ، تاہم بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے خلاف جس استقامت کے ساتھ جمہوریت کی بحالی کی تحریک چلائی، وہ سیاسی تاریخ کا اہم باب ہے ۔انہوں نے بیگم نصرت بھٹو سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2001 میں دبئی گئے تو انہوں نے پورا دن بیگم نصرت بھٹو کے گھر گزارا۔ اس وقت وہ شدید علیل تھیں۔ سعید غنی کے مطابق میر مرتضیٰ بھٹو کے واقعے نے انہیں گہرا صدمہ پہنچایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے اپنے شوہر ذوالفقار علی بھٹو، بیٹے شاہنواز بھٹو اور بیٹے میر مرتضیٰ بھٹو کی وفات کے صدمات برداشت کیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments