60ہزارسکولوں کی نگرانی کیلئے نئی ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

60ہزارسکولوں کی نگرانی کیلئے نئی ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

حاضری اور بنیادی سہولیات کی دستیابی سے متعلق معلومات جمع اور مانیٹر کی جا سکیں گی

 ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب کے 60 ہزار سے زائد سکولوں کی نگرانی کے لئے نئی ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ اساتذہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں، طلبہ کی کارکردگی اور بنیادی سہولیات کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کی نگرانی کو مؤثر، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے نئی سکول مانیٹرنگ ایپ متعارف کرا دی ہے ، جس کے ذریعے صوبے کے 60 ہزار 15 سکولوں کی نگرانی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت سکولوں میں اساتذہ کی تدریسی سرگرمیوں، طلبہ کی کارکردگی، حاضری اور بنیادی سہولیات کی دستیابی سے متعلق معلومات جمع اور مانیٹر کی جا سکیں گی۔دستیاب اطلاعات کے مطابق، سکول مانیٹرنگ ایپ کے ذریعے اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، تدریسی امور، سکولوں میں صفائی کی صورت حال، پینے کے صاف پانی، بجلی، فرنیچر اور دیگر ضروری سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس نظام کے ذریعے سکولوں کی زمینی صورت حال سے متعلق ڈیٹا ڈیجیٹل انداز میں مرتب کرنے اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ابتدائی مرحلے میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اس ایپ کو استعمال کریں گے ، جبکہ آئندہ مراحل میں دیگر متعلقہ تعلیمی افسروں کو بھی اس ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام کا حصہ بنانے کا منصوبہ ہے ، فیلڈ میں ایپ کے استعمال کے لئے 2 نومبر 2026 سے ہدایات دی گئی ہیں۔نئی ایپ کے ذریعے سکولوں سے متعلق معلومات کی بروقت فراہمی، ڈیٹا کی درستگی اور تعلیمی اداروں میں دستیاب سہولیات کی نگرانی بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...