واسا ملتان کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

واسا ملتان کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

25 ارب روپے کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 30 فیصد کام مکمل

 ملتان (وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب دانش افضال نے واسا ملتان ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام ، ادارے کی آپریشنل کارکردگی، فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات اور ریکوری کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا طیب فرید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔دورے کے دوران ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ملتان میں سیوریج انفراسٹرکچر کی بہتری، بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے لئے 25.8 ارب روپے کا پروگرام جاری ہے ، جس کے تحت تقریباً 30 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو چکا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 67 کلومیٹر طویل سیوریج لائنیں بچھائی جا چکی ہیں، جبکہ متعدد علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو نکاسی آب کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ دانش افضال نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سڑکوں کی بحالی کے دوران تعمیراتی معیار برقرار رکھنے ، کنسلٹنٹس کے ذریعے کام کی مؤثر نگرانی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے پر بھی زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...