آٹے کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف گرینڈ آپریشن
ضلع بھر میں کارروائیاں، گراں فروشی میں ملوث 12 دکانیں سربمہر
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ ملتان نے آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے میگا کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے آٹے کی گراں فروشی میں ملوث 12 دکانوں کو سربمہر کر دیا جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 3 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید نے بھی فیلڈ میں مختلف فلور ملز کا دورہ کیا اور سرکاری نرخوں اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر 6 فلور ملز کو سربمہر کر دیا۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے مطابق 10کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت 1275روپے مقرر ہے جبکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر میں 500 سے زائد سستے آٹے کے سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں روزانہ 35 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلوں کی سپلائی جاری ہے تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ آٹے کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں اور شہریوں کو مقررہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments