نئے آئیڈیاز سے لیس نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، رانا سکندر

نئے آئیڈیاز سے لیس نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، رانا سکندر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )عملی مہارتوں اور نئے آئیڈیاز سے لیس نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں، ہمیں یونیورسٹی آف سرگودھا جیسے اداروں کی حو صلہ افزائی کرنا ہوگی کہ۔۔۔

 جو طلبہ کو جدید تعلیمی و تحقیقی مواقعوں کے ساتھ ساتھ عملی مہارتوں کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ رانا سکندر حیات نے فیوچر انوویٹر کونٹیسٹ 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور فیوچر انوویٹر مقابلہ جات کا افتتاح کیا جس میں پاکستان بھر کی جامعات سے منتخب شدہ100بزنس آئیڈیاز کو مقابلہ کا حصہ بنایا گیا۔ رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے سٹیسٹ آف دی آرٹ جمنیزیم اور نئے کیفیٹیریاز کا بھی افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیمی و تحقیقی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ، نوجوانوں سے مخاطب ہو کر صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کی صورت میں ایک بڑی طاقت ہمارے پاس ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو درست سمت دکھائی جائے ،بہتر مستقبل کے لئے نوجوانوں کو درست فیصلے لینے ہوں گے ،بحیثیت قوم ہمیں اپنے ملک کی عزت اور نیک نامی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کو دنیا کی500بہترین جبکہ پاکستان کی دس بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کروانے کیلئے مربوط حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں