دھی رانی پروگرام: 5نومبر تک درخواستیں دی جائیں، فاطمہ احمد
میانوالی (نامہ نگار )ڈپٹی ڈائر یکٹر سوشل ویلفیئر فاطمہ احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دھی رانی (اجتما ئی شادیوں کے پروگرام) کے سلسلہ میں درخواستیں 5 نو مبر 2024تک بذریعہ آن لائن پورٹل cmp.punjab.gov.pk پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر درخواست آن لائن ہونے میں کو ئی مسئلہ درپیش ہو تو درخواست گذار ڈپٹی ڈائر یکٹر سوشل ویلفیئر کے دفتر سے رابطہ کرسکتا ہے اس ضمن میں درخواست گذار کی مکمل رہنمائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اجتمائی شادیوں کے اس پروگرام کے تحت نئے شادی شدہ جوڑوں کیلئے ایک لاکھ روپے سلا می بذریعہ اے ٹی ایم کارڈ، روزمرہ استعمال کی اشیاء کا تحفہ اور شادی کی تقریب میں کھانا فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام میں یتیم بے سہارا لڑکیاں، معذور، معذور افراد کی بیٹیاں درخواست دینے کے اہل ہوں گی۔ درخواست دہندہ دلہن کا والد، والدہ، سرپرست یا دلہن خود ہو سکتی ہے ۔ ڈی ڈی سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ ضلع میانوالی میں اب تک 67 درخواستیں آن لائن پورٹل پر موصول ہو چکی ہیں۔ درخواست دہندہ کا صوبہ پنجاب کا رہائشی ہو نا لازمی ہے اور اسے اجتما عی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آمادگی کا بیان حلفی بھی جمع کرانا ہو گا۔