شہر کی ترقی ، مسائل کے حل کیلئے کمیٹیاں بنا نیکا فیصلہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ تاجر اس شہر کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز ہیں۔
اپنی آنے والی نسل کو بہتر ماحول کی فراہمی کیلئے انہیں اونر ش پ لینی ہو گی اور انتظامی اداروں سے مل کر یہاں کے شہریوں کو درپیش مسائل کا مستقل حل نکالنا ہو گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے تاجر نمائندوں سے ایک ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں ڈپٹی کمشنرکیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن یاسر بھٹی کے علاوہ دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر کے مسائل کی درجہ بندی کرکے انہیں حل کرنے کیلئے اجتماعی اقدامات کرنا ہو ں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ سرگودہا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا قیام عمل میں آچکا ہے قوی امید ہے کہ دسمبر کے اختتام تک کمپنی شہر میں باقاعدہ صفائی آپریشن شروع کر دے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دیہاتوں کی صفائی کیلئے ستھرا پنجاب مہم بھر پور انداز میں جاری ہے ۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے حقوق کے ساتھ فرائض سے بھی بخوبی آگاہ ہو نا چاہیے ۔ اس شہر کی تعمیر وترقی کیلئے سیاست اور اختلافات سے بالا طاق ہو کر اقدامات کرنا ہو ں گے ۔ اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق پایاگیا کہ شہر کی تعمیر وترقی اور درپیش مسائل کے دیر پا حل کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جس میں تاجروں کے پانچ پانچ نمائندے شامل ہونگے ۔ دونوں کمیٹیاں شہر میں تجاوزات کے مستقل خاتمہ ، ٹریفک کے مسائل کے حل او ربازاروں کی خوبصورتی کیلئے دیگر تاجروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مل کر اپنی سفارشات تیار کر کے پیش کریں گی جنہیں بعدازاں انتظامی ادارے اور تاجر مل کر عملی جامع پہنائیں گے ۔ ملاقات میں صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ یاسر قیوم ، صدر سمال چیمبر آف کامرس حسن یوسف اور صدر مرکزی انجمن تاجران سمیت دیگر تاجر راہنما بھی موجو دتھے ۔