ڈویژنل و ڈسٹرکٹ سطح پر ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )سینئر ممبر بوڈ آف ریونیو کی خصوصی ہدایت پر ڈویژنل و ڈسٹرکٹ سطح پر ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔
ضلع کونسل ہال میں منعقدہ کھلی کچہری میں کمشنر جہانزیب اعوان نے خود شہریوں کے ریونیو سے متعلق مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، اے ڈی سی آر فہد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڑ سمیت تحصیلدار، نائب تحصیلدار، ریونیو افسران، عملہ اراضی ریکارڈسنٹر،پٹواریوں کے علاوہ سائلین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شہریوں کی جانب سے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ریکارڈ کی درستگی،فرد کا اجراء،رجسٹری، انتقالات کا اندارج ، ڈومیسائل کا اکرام اور انکم سرٹیفکیٹ سمیت ریونیو سے متعلقہ دیگر معاملات کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان کا کہنا تھا کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے آنے والے کسی بھی سائل کو کسی قسم کی بھی دشواری پیش آتی ہے تو وہ فوری ضلعی انتظامیہ سے رجوع کرے ، انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر سمیت محکمہ ریونیو کے تمام افسران و اہلکاران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین سے نرمی سے پیش آئیں،ناقص کارکردگی اورغیر حاضر رپورٹ ہونے والے افسران واہلکاران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا ہر ماہ کی پہلے دو ورکنگ ڈے میں انعقاد پنجاب حکومت کا احسن قدم ہے ۔ جہاں تمام ریونیو افسران ایک چھت نیچے موجود ہوتے ہیں اور سائلین کو اپنے کام کروانے میں آسانی ہوتی ہے ۔ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔