گیمز کھیلتا پنجاب کے ڈویژن سطح کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے گیمز کھیلتا پنجاب کے ڈویژن سطح کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے ۔ اختتامی رنگارنگ تقریب فٹبال گراونڈ کمپنی باغ پر منعقد ہوئی۔
مہمان خصوصی کمشنر جہانزیب اعوان، ممبر صوبائی اسمبلی رانا منور غوث، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، ضلعی پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور اے ڈی سی جی عمر فاروق نے 12مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں مجموعی طور پر 45 لاکھوں روپے کے کیش انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ ڈویژن سطح پر باسکٹ بال، بیڈمنٹن، والی بال، فٹبال، ٹیبل ٹینس، کرکٹ،ہاکی، آرچی اور کبڈی کے مقابلے منعقد ہوئے ۔ اعلی کارکردگی دکھانے والے 99 مرد اور 38 خواتین میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں گئیں۔ تقریب میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر رؤف باجوہ اور ضلعی سپورٹس آفیسر صائمہ منظور کے علاوہ کھلاڑیوں آفیشلز اور شائقین نے شرکت کی۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ آج کسی کی جیت یا ہار نہیں ہوئی، امن کی سوچ جیتی ہے ۔ کمشنر نے مزید کہا کہ کھیلتا پنجاب میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت اور شائقین کی دلچسپی اس امر کو ظاہر کرتی ہے کہ ہم سب یہاں امن اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم کتاب اور کمپوٹر کے ساتھ کھیلوں کا سامان دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایم پی اے رانا منور غوث نے وزیر اعلی پنجاب کے کھیلوں کے ذریعے صحت مند اور کھیلتا پنجاب کے وژن کو سراہا۔ اختتامی تقریب سے قبل سرگودہا اور خوشاب کے مابین کبڈی کا فائنل کھیلا گیا جو سرگودہا کی ٹیم نے جیت لیا ۔