صوبائی وزیر مواصلات کا نوازشریف کارڈیالوجی ہسپتال کا دورہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر مواصلات و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے زیر تعمیر 47 پل فلائی اوور،۔
گورنمنٹ نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال، سرگودہا بھلوال روڈ اور بی ایچ یو ہاتھی ونڈ سائٹس کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر تعمیر 47 پل فلائی اوور کا تعمیراتی کام 25 فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پی ایچ اے کو فلائی اوور کے ساتھ بیوٹیفکیشن کا کام بھی شروع کرنے کی تاکید کی۔ ایس ای ہائی ویز امانت علی نے فلائی اوور کے تعمیراتی کام بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے زیر تعمیر گورنمنٹ نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال کی سائٹ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ رواں برس تعمیر کے ہدف 41 فیصد کے مقررہ ہدف سے بڑھ کر 47 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ او پی ڈی اپریل تک فنکشنل کر دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کا تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوالٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے 3 ارب 94 کروڑ روپے کی لاگت سے سرگودہا کے براستہ لک موڑ بھلوال تک 61 کلومیٹر زیر تعمیر سڑک کے تعمیراتی کام کا بھی معائینہ کیا۔ انہوں نے بنیادی مراکز صحت ہاتھی ونڈ کی سائٹ کا بھی معائنیہ کیا۔ اس موقع پر ایس ای بلڈنگ امانت علی نے بتایاکہ ضلع سرگودہا میں 45 طبی مراکز کی ری ویمپنگ جاری ہے جن میں 7 آر ایچ سی اور 38 بی ایچ یوز شامل ہیں۔ 20 طبی مراکز کی ری ویمپنگ مکمل کر لی گئی ہے جو رواں ماہ کے آخر تک محکمہ صحت کے حوالے کر دیے جائیں گے ۔ مزید بتایا گیا کہ دیگر تمام طبی مراکز کی ری ویمپنگ 30 اپریل تک مکمل کر لی جائے گی۔