گرینڈ ہیلتھ الائنس کاہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف احتجاج

بھلوال(نمائندہ دنیا) گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر اہتمام سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا، جس میں محکمہ صحت کے تمام گریڈ کے ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
احتجاج میں ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکل اسٹاف اور کلاس فور ملازمین شامل تھے ۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے معاشی قتل کو روکا جائے اور سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے فیصلے کو واپس لیا جائے ۔احتجاجی ملازمین نے ایڈہاک ملازمین کی برطرفی اور دیگر اضلاع میں تبادلوں پر بھی شدید اعتراض کیا، جس سے ان کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی ان پالیسیوں سے صحت کے شعبے میں شدید بحران پیدا ہو سکتا ہے ۔اس موقع پر ایم ایس بھلوال ڈاکٹر خلیل الرحمان رانا، ڈاکٹر فہیم شہزاد ڈی ڈی ایچ او، مقبول الرسول، ہیلتھ سیکٹر الائنس کی ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر مہناز رانی، حامد محمود اعوان، شان علی، غلام عباس، ڈسپنسر حامد اعوان، ڈاکٹر اسد اﷲ گوندل صدر گریٹ الائنس ہیلتھ ورکر یونین سمیت نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین بھی احتجاج میں شریک تھے ۔مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نجکاری کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے اور ملازمین کے تحفظات کو دور کرے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔