غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پرایکشن

غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پرایکشن

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس کی جانب سے شہر میں قائم غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر موثر کارروائیاں جاری ہیں۔

 سول ڈیفنس آفیسر غلام مصطفیٰ کی سربراہی میں تازہ کارروائی کے دوران چار مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے ، جن میں ایک غیر قانونی پٹرول مشین کو موقع پر ضبط کر لیا گیا جبکہ تین پٹرول شاپس کو سیل کر دیا گیا۔ ضبط کی گئی مشین ڈھڈی جٹ کالونی میں فہد کی ملکیت تھی جب کہ کوٹ فرید روڈ پر عرفان اور فصیل کی دوکانیں اور ظفر کالونی میں محمد عرفان کی دکان کو سیل کیا گیا۔ سول ڈیفنس حکام کے مطابق یہ اقدامات انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کسی کو بھی قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ سول ڈیفنس آفیسر غلام مصطفیٰ نے کہا ہے کہ غیر قانونی اور غیر محفوظ طریقے سے پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کی نشاندہی میں انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں