بدانتظامی کے باعث ٹیل تک پانی کی فراہمی چیلنج ، بارشوں کی کمی ، چھوٹے کاشتکار خوار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)بد انتظامی کے باعث ٹیل تک پانی کی فراہمی بدستور ایک چیلنج بنی ہوئی ہے اور حالیہ مہینو ں میں بارشو ں کمی کاشتکاروں کیلئے دوہری اذیت کا باعث بن کر رہ گئی ہے بالخصوص چھوٹے کاشتکار رل کر رہ گئے ہیں۔۔۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومتی احکامات پر خصوصی کمیٹیاں صرف سرکاری ریکارڈ کا پیٹ بھرنے تک محدود ہیں اور اسی بنیادی وجہ سے صورتحال بہتر نہیں ہو پا رہی ،متعلقہ محکموں کے افسران ، ملازمین کی مبینہ ملی بھگت سے بااثر زمیندارجو کہ ٹیل تک پانی کے مساویانہ طریقہ پر عملدرآمد میں رکاوٹ ہیں پہلے ہی زیادہ مقدار میں پانی حاصل کرلیتے ہیں، بیشتر دیہاتوں کو جانے والی نہروں پر پانی کھینچنے والے غیر قانونی موٹر پمپ نصب ہیں ،محکمہ انہار کی حالیہ دنوں کے دوران کاروائیوں میں ایسے بیسیوں مقامات سے پمپ اور زمین دوز پائپ برآمدبھی ہو چکے ہیں اس دوران ایسے بااثر افراد کی بڑی تعداد بھی سامنے آئی جو کہ بے دریغ موگہ جات مسمار کر کے سرکاری املاک کو الگ سے نقصان پہنچاتے ہیں، چھوٹے کاشتکاروں کے مطابق ان غیر قانونی موٹر پمپوں کی وجہ سے ٹیل تک کی زمینوں کو بعض اوقات ایک قطرہ بھی پانی کا نہیں مل رہا اس کے ساتھ ساتھ موسمی شدت کی وجہ سے فصلیں تباہ ہو رہی ہیں اور کاشتکار مزید نقصان سے بچنے کیلئے اپنی زمینوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں،اربا ب اختیار کو چیک اینڈ بیلنس بڑھانے اور مر بوط حکمت عملی اپنا کر صورتحال کا تدارک یقینی بنائیں ۔