میونسپل کمیٹی کے لان میں رنگا رنگ تقریب، ملی نغمے ، ٹیبلو پیش
میانوالی (نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر)جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی کے لان میں ایک رنگا رنگ اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور ڈی پی او کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل تھے ، جبکہ صدارت ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سلمان احمد لون اور اسسٹنٹ کمشنر سلمان قیوم شیخ نے کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے ، ٹیبلو اور تقاریر پیش کیں۔شرکاء نے \"پاکستان زندہ باد\" اور \"پاک فوج زندہ باد\" کے نعرے لگا کر قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم آزادی کی خوشیوں کے ساتھ ساتھ اس کی حفاظت کا عزم بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر آزادی کی قدر جاننی ہے تو فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں سے پوچھیے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جشنِ آزادی منفرد انداز میں منایا جا رہا ہے ، جس کا موٹو \"آزادی کا حصول اور آزادی کا تحفظ\" ہے ۔ڈی پی او رائے محمد اجمل نے کہا کہ یہ ملک ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔ آزادی ایک نعمت ہے ، اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔اقلیتی رہنما امجد مارٹن غوری نے بھی خطاب کیا اور قوم کو آزادی کی مبارکباد پیش کی۔