کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب ،فلگ شگاف نعرے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) 78ویں یوم آزادی و معرکہ حق کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب کمشنر دفتر کے سبزہ زار پر منعقد ہوئی۔
مہمان خصوصی کمشنر جہانزیب اعوان نے ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم ،ڈی پی او صہیب اشرف ، معزز پارلیمنٹرین ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ارم حمید اور صفدر ساہی کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اور قومی ترانے و ملی نغموں کی دھنیں بجائیں۔ 8 بجے سائرن بجایا گیا اور تمام شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔بعد ازاں ضلعی انتظامیہ سرگودھا کے زیر اہتمام یوم آزادی و معرکہ حق کی مرکزی اور پروقار تقریب آرٹس کونسل کمپلیکس پر منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان ، آر پی او شہزاد آصف خان ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ایم این اے ارم حمید ، ایم پی اے صفدر ساہی کے علاوہ انتظامی افسران اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں نے ٹیبلوز کے زریعے جہدوجہد آزادی کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ طلبہ و مقامی فنکاروں نے ملی نغموں اور تقاریر سے آزادی کے جشن کو دوبالا کر دیا۔