یونیورسٹی آف سرگودھا میں یوم آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں پاکستان کا 78واں یومِ آزادی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب وائس چانسلر آفس کے باہر منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس مہمانِ خصوصی ہوئے ۔
تقریب کا آغاز یونیورسٹی کے سکیورٹی ونگ کے دستے کی سلامی سے ہوا، جس کے بعد وائس چانسلر نے پرچم کشائی کی۔ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے شعبہ علوم اسلامیہ کے استاد پروفیسر ڈاکٹر فیروزالدین شاہ نے خصوصی دعا کرائی، جبکہ طلبہ نے جذبہ حب الوطنی سے لبریز ملی نغمے پیش کیے ۔ اس موقع پر پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس نے کہا کہ یومِ آزادی عزمِ نو کا دن ہے ، جب ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے کس طرح اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔