تحصیل کوٹ مومن اور گردونواح کے علاقے سیلاب سے متاثر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن اور گردونواح کے علاقے حالیہ دنوں دریائے چناب میں طغیانی کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں۔ سینکڑوں گھر تباہ جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور مشکلات کا شکار ہیں۔
متاثرین کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے پاک فوج کی جانب سے تحصیل کوٹ مومن میں خصوصی فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے ۔کیمپ میں متاثرین کو مفت ادویات، فوری طبی سہولیات اور تشخیص و علاج کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف دن رات سیلاب متاثرین کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔ درجنوں مریضوں کا اب تک علاج کیا جا چکا ہے جبکہ مزید افراد بھی کیمپ سے استفادہ کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں فوج نے ہمیشہ کی طرح اپنی قوم کو تنہا نہیں چھوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کی جانب سے فراہم کردہ سہولتیں متاثرین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں۔یاد رہے کہ دریائے چناب میں حالیہ سیلابی ریلے نے سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے 40 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں، جہاں کھڑی فصلیں تباہ اور متعدد مکانات زمین بوس ہو گئے ۔ متاثرین کو اب بھی شدید مسائل کا سامنا ہے تاہم پاک فوج اور سول انتظامیہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments