ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل بنیادی ترجیح ہے ، ڈی سی پاکپتن
آصف رضا کا مختلف علاقوں ، سکولوں کا دورہ، جاری منصوبوں،انتظامات کا جائزہ لیا
پاکپتن (نمائندہ دنیا، خبرنگار) ڈپٹی کمشنرپاکپتن آصف رضا نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو معیار اور رفتار کے اعتبار سے مقررہ وقت میں مکمل کرنا ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے ۔ تمام متعلقہ محکمے منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور معیار کو یقینی بنائیں، کسی بھی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن پرائمری سکول گرین ٹاؤن اور جوڈیشل ریسٹ ہاؤس کی زیرِ تعمیر عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایکسیئن بلڈنگ مظہر حسین نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار، استعمال ہونے والے مٹیریل اور تکمیل کے مراحل بارے تفصیلی بریفنگ دی۔علاوہ ازیں آصف رضا نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں جاری صفائی مہم کے سلسلے میں یونین کونسل نمبر 7 اور 8 کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر صفائی کے انتظامات، کوڑا کرکٹ اٹھانے ، ویسٹ کلیکشن پوائنٹس اور گلی محلوں میں صفائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود افسران اور عملہ صفائی کو ہدایت کی کہ صفائی مہم کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے گورنمنٹ ایم سی گرلز پرائمری سکول اور گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول صوفیا آباد کا بھی تفصیلی دورہ کیا، تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ و طلباء کی حاضری، صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات اور سکول عمارتوں کی حالت کا جائزہ لیا۔