خوشاب کے عوام کے لیے 24 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ مکمل
وزیراعلی پنجاب رواں ماہ کے آخر میں منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گیفروا عامر کا سروس کے آغاز کی مجوزہ سائٹ کا دورہ،تفصیلی جائزہ ،بریفنگ
خوشاب(نمائندہ دُنیا )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے چھوٹے شہروں میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کے منصوبے کے تحت خوشاب کے عوام کے لیے 24 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے ۔ وزیراعلی پنجاب رواں ماہ کے آخر میں خوشاب میں اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح خود کریں گی۔اس منصوبے کے تحت شہر کے اہم مقامات، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، اسپتالوں اور رہائشی علاقوں کو آپس میں منسلک کرنے کے لیے متعدد روٹس تجویز کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو سستی، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے ) ملک محمد طاہر کے ہمراہ مجوزہ سائٹ کا دورہ کیا، جہاں سے الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر بسوں کے پارکنگ یارڈ، چارجنگ اسٹیشنز اور سہولتی مراکز کے قیام کے لیے مختلف مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری آر ٹی اے نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی تکنیکی تفصیلات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام اور ضروری تنصیبات جلد از جلد مکمل کی جائیں۔