نقاب نوچنا بھارت میں اقلیتوں سے تعصب کا عکاس:سینیٹر غوث

نقاب نوچنا بھارت میں اقلیتوں  سے تعصب کا عکاس:سینیٹر غوث

خوشاب (نمائندہ دُنیا)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع خوشاب کے صدر سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی۔۔۔

 جانب سے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب نوچنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ محض ایک فرد کی غلطی نہیں بلکہ بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں اور دیگر غیر ہندو مذاہب کے خلاف جاری منظم تعصب اور جبر کا عکاس ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ جوہرآباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی خاتون کے مذہبی لباس کو سرِعام نشانہ بنانا اخلاقی، آئینی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ یہ واقعہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے مذہبی وقار اور شخصی آزادی کو ریاستی سطح پر نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا کہ نتیش کمار کی اس غیر شائستہ حرکت سے نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ دنیا بھر کی مہذب اقوام کو شدید صدمہ پہنچا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکمران واقعے کی فوری اور غیر جانبدار تحقیقات کرائیں، ذمہ دار شخصیت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اسے متاثرہ خاتون سے غیر مشروط معافی مانگنے کا پابند بنایا جائے ۔انہوں نے عالمی انسانی حقوق اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت میں تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں