خوشاب میں 640 چالان، 8 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد
کالے شیشوں والی 5 گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عنل میں لائی گئی
خوشاب (نمائندہ دُنیا) ٹریفک پولیس اور ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین ترمیمی آرڈیننس کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ روز مجموعی طور پر 640 چالان ٹکٹ جاری کیے گئے اور 8 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔پولیس کے ضلعی دفتر جوہرآباد سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بلا لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے 97، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والے 137 اور سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے والے 3 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق 6 نابالغ ڈرائیوروں، دھواں چھوڑنے والی 26 گاڑیوں، اوورلوڈنگ کی مرتکب 3 گاڑیوں، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی 24 گاڑیوں اور کالے شیشوں والی 5 گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا۔