سرگودھا میں 35کروڑ سے زائد کے فنڈز بحال نہ ہونے پر ٹھیکیدار برہم،احتجاج کی دھمکی

سرگودھا میں 35کروڑ سے زائد کے فنڈز بحال نہ ہونے پر ٹھیکیدار برہم،احتجاج کی دھمکی

افسروں کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث ٹھیکیداروں کو ادائیگی نہ ہو سکی، جس سے فنڈز لیپس ہوگئے ، ترقیاتی کام مکمل ہونے کے باوجود ان کی سکیورٹی کی بھی ادائیگی نہیں ہوئی:ٹھیکیدار

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) محکمہ لوکل گورنمنٹ سرگودھا کے چھ ماہ ہونے کے باوجود لیپس ہونے والے 35 کروڑ سے زائد کے ترقیاتی فنڈز بحال نہ ہونے پر متاثرہ ٹھیکیداروں نے احتجاج کی دھمکی دے دی ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت نے سرگودھا سے منتخب ہونے والے سات صوبائی اور تین قومی اسمبلی کے حکومتی اراکین کے لیے 30،30 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے تھے ، جس پر محکمہ نے 239 سکیموں پر کام شروع کیا۔ متعدد ترقیاتی منصوبے جون کے مہینے سے قبل مکمل ہو گئے ، تاہم محکمہ کے افسروں کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث ٹھیکیداروں کو ادائیگی نہ ہو سکی، جس سے فنڈز لیپس ہوگئے ۔ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ چھ ماہ سے ادائیگی نہ ہونے اور ترقیاتی کام مکمل ہونے کے باوجود ان کی سکیورٹی کی بھی ادائیگی نہیں ہوئی۔ مبینہ طور پر کمیشن کے چکر میں بل روکے گئے ، جس کی وجہ سے فنڈز لیپس ہوئے اور اب بحالی کے لیے مقامی افسران انہیں ذلیل و خوار کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دس روز کے اندر ادائیگیاں نہ کی گئیں تو احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں